شعبہ ہائے جامعہ
شعبہ تعلیم
تعلیمی کوائف:اﷲ تعالیٰ کی رحمت خاصہ سے جامعہ ہٰذا اپنے عظیم تعلیمی مقاصد کے میدان میں قابل رشک کمال حاصل کر چکا ہے جامعہ کے معیار تعلیم و تربیت اور قابل تعریف محنتی و شفیق اساتذہ کرام ہیں۔
تعلیم القرآن المجید
ماہر ، تجربہ کار صاحب نسبت، نیک سیرت قاری صاحبان کی زیر نگرانی قرآن پاک حفظ و ناظرہ باتجوید کی تعلیم کا بھی معیاری انتظام ہے ۔
درجہ تعلیم درس نظامی
(حسب نصاب وفاق المدارس العربیہ پاکستان) درجہ اعدادیہ متوسط (فارسی،اردو) درجہ اولیٰ (صرف و نحو) ثانیہ عامہ، درجہ ثالثہ، درجہ رابعہ، درجہ خاصہ، درجہ سادسہ، درجہ سابعہ( موقوف علیہ) تک 550صد کے لگ بھگ طلباء اپنے اساتذہ کرام کی زیر نگرانی علوم نبویہ و فنون عربیہ کی تعلیم میں مشغول ہیں۔
درجہ دورہ حدیث
شہادت العالمیہ مساوی ایم اے، عربی، اسلامیات،صحاح ستہ من احادیث النبویہ یعنی دورہ حدیث شریف کو جامعہ ہٰذا میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ اسی وجہ سے بھی جامعہ پاکستان کے علمی حلقوں میں غیر معمولی مقبولیت کا حامل ہے ۔ اس کی ایک خاص وجہ یہ ہے کہ شیخ الاسلام، حافظ الحدیث کے علمی جانشین اور ان کے انداز تعلیم الحدیث کے امین محقق العصر، فقیہہ وقت، شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی کا جامعہ میں مسند شیخ الحدیث کو زینت بخشا ہے دورہ حدیث شریف میں ہر سال ایک معقول جماعت باقاعدہ احادیث نبویہ کی شایان شان مصروف تعلیم رہتی ہے ۔ اس شعبہ میں حضرت شیخ الحدیث صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے ساتھ چھ(6) دوسرے علم حدیث کے ماہر نابغہ روزگار جید اساتذہ حدیث سے بھی فیض یاف ہوتے ہیں۔
درجہ تخصص
مادر علمی دارالعلوم دیو بند میں پڑھائے جانے والے درجہائے تخصص کے تمام درجات کی تعلیم کے لیے طلباء و طالبات کے لیے الگ الگ انتظام ہے ۔
دورہ تفسیر القرآن المجید
دینی مدارس کی سالانہ تعطیلات کے موقع پر شعبان اور رمضان المبارک میں دورہ تفسیر القرآن الکریم کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ دو مہینوں میں مکمل قرآن کی تفسیر پڑھائی جاتی ہے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں باقاعدہ امتحانی پرچہ ہوتا ہے ۔ کامیاب ہونے والے حضرات کو سند تفسیر القرآن دی جاتی ہے ۔
دورہ مناظرہ
انہی سالانہ چھٹیوں کے موقع پر ملک کے معروف فن مناظرہ کے ماہرین مسلک حقہ کی تائید اور فرقہ باطلہ عیسائیت، مرزائیت، رافصیت، اہل بدعت ، اہل ہوا وغیرہ کی تردید پر مناظرہ پڑھاتے ہیں۔
دورہ صرف و نحو
نحتانی درجات کے طلباء کو استعداد بڑھانے کے لیے ماہ رجب و شعبان میں ہر سال دورہ صرف و نحو کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ اس کورس کی بھی باقاعدہ سند دی جاتی ہے ۔
اردو،انگلش، ریاضی
اس شعبہ میں ماہر کہنہ مشق ماسٹرصاحبان کی خدمت حاصل کی گئی ہیں۔ جو طلباء کو اردو، انگلش، ریاضی کا میٹرک تک کورس کرواتے ہیں۔
کمپیوٹر کورسز
اس شعبہ میں ماہر کہنہ مشق انسٹرکٹرصاحبان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جو پوری محنت سے کمپیوٹرکے طلباء کومختلف کمپیوٹرکورس کرواتے ہیں۔ تاکہ طلباء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بھی مہارت حاصل ہو۔
مدرسۃ البنات
جامعہ کے زیر انتظام شہر خان پور میں مسلمان بچیوں کی دینی تعلیم کیلئے جامعہ عائشہ صدیقہ میں دورہ ہدیث شریف تک تعلیم دی جارہی ہے ۔ 250کے قریب لڑکیاں داخل تعلیم ہیں۔
شعبہ امتحانات
جامعہ ہٰذا باقاعدہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا اہم رکن ہے ۔ اس لیے وفاق المدارس کے تحت اور جامعہ کی طرف سے الگ الگ سالانہ امتحان ہوتا ہے ۔ جبکہ سہ ماہی و ششماہی امتحانات فقط جامعہ کی طرف سے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء کی صلاحیت میں اضافہ اور استعداد میں ترقی کیلئے وقتاً فوقتا تحریری اور تقریری ٹیسٹ لئے جاتے ہیں۔
شعبہ اجراء مکاتیب و مدارس دینیہ
جامعہ نے قصبات اور پسماندہ دیہاتوں میں تعلیم القرآن و حدیث کو عام کرنے کے لیے مختلف چھوٹے چھوٹے مدارس و مکاتیب قائم کرنے کا پروگرام بھی بنایا ہے ۔ ابتدائی مرحلہ میں دس مکاتیب قائم کیے جارہے ہیں۔
(1) مکتب سیّدنا صدیق اکبر
(2) مکتب سیّدنا عمر فاروق
(3) مکتب سیّدنا عثمان غنی
(4) مکتب سیّدنا علی المرتضیٰ
(5) مکتب سیّدنا طلحہ
(6) مکتب سیّدنا زبیر
(7) مکتب سیّدنا عبدالرحمن
(8) مکتب سیّدنا سعد بن ابی وقاص
(9) مکتب سیّدن سعید بن زید
(10) مکتب سیّدنا ابوعبیدہ بن الجراح
شعبہ افتاء
جامعہ ہٰذا میں باقاعدہ دارالافتاء قائم کیا گیا ہے ۔ جس میں چار عظیم شخصیات جو فقہی جزئیات ومسائل پر کمال دسترس رکھنے کے ساتھ تخصص فی الفقہ ، حدیث و تفسیر کے معروف و مقبول استاذ بھی ہیں ۔اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سینکڑوں استغنائوں کے جوابات فتاویٰ کی صورت میں دارالافتاء سے پوری ذمہ داری سے صادر کئے جاتے ہیں۔
شعبہ تصنیف و تالیف
جامعہ نے وسائل و اسباب کی قلت کے باوجود بحمداﷲ تصنیف و تالیف میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔ جن سے زائد کتب و رسائل، پمفلٹ وچارٹ شائع کرچکا ہے ۔ اور درجن کے قریب کتب زیر طبع ہیں۔ انشاء اﷲ العزیز جلد منظر عام پر آرہی ہیں۔
شعبہ دعوت و تبلیغ
اس شعبہ کے تحت تمام طلباء کو ہر ہفتہ باقاعدہ بیان و تقاریر کی مشق کرائی جاتی ہے ۔ جامعہ میں طلباء کے مختصر اجتماعات رکھے جاتے ہیں۔ مختلف اصلاحی مضامین پر تقریر کرائی جاتی ہے ۔ اور پھر طلباء کی جماعتوں کو قصبات میں بیان کے لئے بھیجا جاتا ہے ۔ اس شعبہ کے تحت جامعہ کے اساتذہ کرام اور ملک کے نامور خطباء کے ذریعے باقاعدہ علاقہ میں دینی اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ عوام الناس کوعقائد صحیحہ اور اعمال صالحہ پر لایا جاسکے ۔
جامعہ کا سالانہ عظیم الشان اجتماع
جس مین تین دن ، تین رات ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام، نامور خطباء اور اہل حق کی تمام جماعتوں کے قائدین، محدثین، مفسرین، لاکھوں فرزندان توحید کو اپنے ایمان افروز بیانات سے مستفید فرماتے ہیں اس شعبہ کی کامیابی عظیم کارنامہ ہے ۔
شعبہ تعمیرات
نہایت ہی قلیل عرصہ میں جامعہ نے اس شعبہ میں بھی اﷲ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم سے بہت ہی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جس کا تصویری خاکہ اس کتابچہ سے واضح نظر آرہا ہے ۔